لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ’’ ڈیجیٹل سلک روڈ‘‘ کی ترقی کو ترجیح دے تاکہ ایشیا پیسیفک خطے میں چین کی طرف سے تعمیر کی جانیوالی اقتصادی راہداری سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کیے جا سکیں۔ نذیر حسین صدر پی سی جے سی سی آئی گزشتہ روز پی سی جے سی سی آئی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تھنک ٹینک سیشن کے دوران کہا سڑکیں اور ریلوے تعمیر کرنا کافی آسان ہے لیکن لوگوں میں ذہنی ہم آہنگی پیدا کرنا مشکل ہے جو علاقائی رابطوں میں زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ معلومات ایک بنیادی وسیلہ بن چکی ہے اور بین الاقوامی تعاون کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا ’’علاقائی رابطے کیلئے اگلی چھلانگ ایشیا پیسیفک انفارمیشن سپر ہائی وے بنانا ہے۔‘‘ چین کے مجوزہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کیلئے بنیادی ڈھانچے کی ترقی بتدریج آگے بڑھ رہی ہے، لیکن ایشیا، یورپ اور افریقہ کو جوڑنے والے مواصلاتی اور بنیادی ڈھانچے کے نیٹ ورک کے متوازی، رابطہ کرنیوالے ممالک کے درمیان معلومات کی رکاوٹوں کو توڑنے کی اشد ضرورت ہے۔