لاہور(کامرس رپورٹر) انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی کیپ) نے کراچی میں 2 ایجوکیشن کنونشنز کا انعقاد کیا، جن میں اپنی 2025 کی تعلیمی سکیم کو آفیشل طور پر اپنے لرننگ پارٹنرز اور اکیڈیمیا کے سامنے پیش کیا۔ صبح کے سیشن میں رجسٹرڈ اکاؤنٹنگ ایجوکیشن ٹیوٹرز (RAETs) اور یونیورسٹیوں کو مدعو کیا گیا جبکہ دوپہر کے سیشن میں پریکٹس اور نان پریکٹس ٹریننگ آرگنائزیشنز کو مدعو کیا گیا۔ نئی سکیم میں پائیداری، مصنوعی ذہانت (AI)، گورننس، ڈیٹا مینجمنٹ، سسٹمز اور رسک جیسے اہم ابھرتے ہوئے موضوعات شامل ہیں۔قریبی شہروں سے آنیوالے لرننگ پارٹنرز اور اکیڈیمیا نے بھی ان کنونشنز میں شرکت کی۔ یہ کنونشنز انسٹیٹیوٹ کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوئے، جہاں اس نے اپنی 2025 کی پیشگی تعلیمی سکیم پیش کی۔ اس سکیم کا مقصد پاکستان میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے پیشہ ورانہ معیار اور قابلیت کو بلند کرنا ہے۔ سکیم اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ آئی کیپ کی تعلیمی خدمات عالمی اکاؤنٹنگ پروفیشن کی بدلتی ہوئی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ رہیں۔ آئی کیپ کے کونسل ممبر اور ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کمیٹی کے چیئرمین محمد مقبول نے شرکاء سے خطاب کیا اور 2025 کی تعلیمی سکیم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ انقلابی اقدام جو 3 دہائیوں کے بعد ایک اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔ آئی کیپ کے عالمی معیار کی تعلیم اور تربیت فراہم کرنے کے عزم کو مزید مضبوط بناتا ہے۔