لاہور(لیڈی رپورٹر) خواتین کو ڈیجیٹل اور کاروباری مہارتوں کے ذریعے بااختیار بنانے کیلئے پنجاب آئی ٹی بورڈ اور بینک الفلاح لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے پا گئی۔ ایم او یو کے تحت بینک الفلاح SheWins کی تربیت یافتہ خواتین کو مالی معاونت فراہم کرے گا جس سے وہ اپنے کاروبار شروع کر سکیں گی۔ ایم او یو پر پی آئی ٹی بی کے ڈائریکٹر جنرل ای گورننس ساجد لطیف اور بینک الفلاح لیمیٹڈ کے ہیڈ ایس ایم ای اینڈ ایگری رضا العلیم نے دستخط کیے۔ اس موقع پر پی آئی ٹی بی ڈائریکٹر سکلز ڈویلپمنٹ احمد اسلام اور بینک الفلاح کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اس تعاون کا مقصد خواتین کو ڈیجیٹل سکلز سیکھنے میں مدد فراہم کر کے انکو ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا SheWins جیسے پروگراموں کے ذریعے ہم نہ صرف خواتین کی انفرادی ترقی کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ ان کو معاشرے میں باوقار زندگی گزارنے میں بھی مدد فراہم کررہے ہیں۔