سکالرشپ سکیم کی لانچنگ کاجائزہ اجلاس،68 ہزار سے زائد طلبہ نے اپلائی کیا:وزیرتعلیم 

لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب انڈر گریجویٹ ہونہار سکالرشپ سکیم کی لانچنگ کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے سکالرشپ سکیم میں پیشرفت اور لانچنگ کی تیاریوں پر بریفنگ لی۔ وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ ہونہار سکالرشپ سکیم میں مجموعی طور پر 68 ہزار سے زائد طلبہ نے اپلائی کیا۔ پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں سے تقریباً 59 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔ جبکہ اپلائی کرنیوالوں میں 60 فیصد تعداد طالبات کی ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا انڈرگریجویٹ نوجوانوں کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے تاریخ کی سب سے بڑی سکالرشپ سکیم لائے ہیں جس میں ہر یونیورسٹی سے نوجوانوں نے درخواست دی۔ انہوں نے اجلاس کو ہدایات دیتے ہوئے کہا درخواستوں کی سکروٹنی ہر صورت میرٹ کی بنیاد پر کی جائے اورکسی طالبعلم سے زیادتی نہ ہونے دی جائے۔ اس ضمن میں رانا سکندر حیات نے تمام عمل کی خود مانیٹرنگ کا عندیہ دیتے ہوئے کہا سکالرشپ سکیم کی لانچنگ کیلئے ہر یونیورسٹی میں تقریب کا انعقاد کیا جائے اور اس ضمن میں شیڈول مرتب کر کے پیش کیا جائے۔ شمالی، جنوبی، وسطی پنجاب کی بڑی یونیورسٹیوں میں لانچنگ تقاریب کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن