حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) پی ٹی آئی کے ضلعی قائد اور سابق ایم این اے چوہدری مہدی حسن بھٹی کی گذشتہ روز برج دارا میں پریس کانفرنس پر پولیس نے دھاوا بول دیا۔ موبائل فون، صحافیوں سے کیمرے اور موبائل فون چھین لئے اور بعد ازاں چوہدری مہدی حسن بھٹی، ان کے بیٹے سابق ایم این اے شوکت علی بھٹی، ایم پی اے ضمیر الحسن بھٹی، سابق ضلع ناظم مبشر عباس بھٹی اور شفاقت بھٹی کو مختلف مقدمات میں اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کو فرار کرانے میں مدد دینے کے الزام میں چیئرمین پریس کلب امجد پرویز چٹھہ، سیکرٹری حافظ عزیز الرحمن، اور دیگر صحافیوں احسان قادری، شہباز گل، اسرار شاہ، شیخ جاوید، شفقت وٹو اور اسد جاوید کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ جس پر ضلع بھر کی صحافی برادری میں غم وغصہ کی لہر سرایت کرگئی۔ صحافیوں نے اس جھوٹے اور بے بنیاد مقدمہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فوری خارج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
حافظ آباد: مہدی بھٹی کی پریس کانفرنس پر پولیس کا دھاوا، صحافیوں کیخلاف مقدمہ
Nov 22, 2024