لاہور ( این این آئی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کسانوں کے حق میں آواز اٹھائی ہے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی اور ممبر قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی نے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا پیپلز پارٹی نے پنجاب اسمبلی میں کسان پر زرعی انکم ٹیکس بل پیش کرنے کے دوران واک آئوٹ کیا، کسانوں کا کوئی پرسان حال نہیں، گندم کا 3900روپے ریٹ کا اعلان ہوا تو گندم 2000میں بھی لینے کے لئے تیار نہیں تھے۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ زرعی دوائیاں اور بیج انتہائی مہنگے ہیں، کسان پہلے ہی مہنگائی سے پریشان ہے، ہماری قیادت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری کسانوں کا درد رکھتے ہیں، پیپلز پارٹی کسی صورت کسانوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھائے گی، حکومت کسانوں کے خلاف ایسے بل لا کر احتجاج اور دھرنوں کو دعوت دے رہی ہے۔