کوٹلی (نمائندہ خصوصی) آزاد کشمیر میں صدارتی آرڈیننس کیخلاف آل پارٹیز رابطہ کمیٹی میں شامل تنظیموںکے احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین میں تصادم، شہید چوک سمیت قرب و جوار کے بازار، کاروباری مراکز میدان جنگ بن گئے۔ پولیس کی جانب سے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا سکولز میں چھٹی کے وقت شیلنگ سے طلباء و طالبات، شہر میں شاپنگ کے لئے آئی سینکڑوں خواتین آنسو گیس کی زد میں آکر بے حال ہوگئیں۔ شہر کے وسط میں موجود پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہائوس میں کھڑی گاڑیوں کو آگ لگنے سے گاڑیاں خاکستر ہوگئیں۔ ریسٹ ہائوس کے وی آئی پی بلاک بری طر ح متاثر ہوئے۔ مشتعل مظاہرین نے پونچھ روڈ پر ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاج کیا۔ پولیس کی جانب سے ریلی کو روکنے کی کوشش ناکام ہونے پر پولیس نے شرکاء پر آنسو گیس کی شیلنگ شروع کر دی جس کے بعد فوری طور پر منتشر مظاہرین شہید چوک پہنچ گئے جہاں صورتحال اس وقت خراب ہو گئی جب پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا۔ کئی گھنٹوں بعد بھی احتجاج جاری رہا۔ اس دوران شہر کے تمام بازار، کاروباری مراکز بند ہو گئے، سڑکوں سے ٹریفک غائب ہو گئی۔
آزاد کشمیر، صدارتی آرڈیننس کیخلاف آل پارٹیز کا احتجاج، پولیس سے تصادم، کاروباری مراکز میدان جنگ بن گئے
Nov 22, 2024