کراچی (سٹاف رپورٹر) مزارات کے لنگر خانوں کو جدید ہوٹلوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، عبداللہ شاہ غازی اور حضرت لال شہباز قلندر کے مزار کے لنگر خانے کی نیلامی 29نومبر کو ہوگی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف سندھ نے مزارات کے لنگرخانے نیلام کرنے کیلئے اخبارمیں اشتہار دے دیئے۔محکمہ اوقاف نے مزارات کے لنگر خانوں کو جدید ہوٹلوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، مزارات آنے والے زائرین کے لیے قائم مسافرخانے بھی اب نیلام ہوں گے۔محکمہ اوقاف سندھ کی جانب سے 11نومبر کو اخبارات میں نیلامی کا اشتہار دیا گیا، عبداللہ شاہ غازی اور لال شہباز قلندر کے مزار پرلنگر اور مسافر خانوں کو بھی نیلام کیا جائے گا۔عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے لنگر خانے کی نیلامی 29نومبر کو ایڈمنسٹریٹر اوقاف کے دفترمیں ہوگی جبکہ حضرت لال شہباز قلندر کے مزار کے لنگر اور مسافر خانے کی نیلامی بھی 29نومبر کو حیدرآباد میں ہوگی۔