راولپنڈی (جنرل رپورٹر) انسداد دہشت گردی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے حساس مقامات حملہ کیس میں ایف آئی اے کے ڈی جی اور ڈی جی امیگریشن کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے، یہ شوکاز نوٹس سانحہ9 مئی کے حوالے سے تھانہ آر اے بازار کے مقدمہ میں نامزد ملزم عثمان ڈار کے بیرون ملک جانے پر جاری کیا گیا۔ عدالت کی جانب سے جاری ہونے والے شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پراسیکویشن نے اس امر کی نشاندہی کی ہے کہ حساس مقام پر حملے سے متعلق تھانہ آر اے بازار میں درج مقدمہ نمبر708 کا مرکزی ملزم عثمان ڈار بیرون ملک سفر کرگیا لیکن آپ دونوں نے اسے نہیں روکا حالانکہ31 اکتوبر کو عدالت نے دونوں کو یہ ہدایت کی تھی کہ اس مقدمہ کا کوئی بھی ملزم عدالت کی پیشگی اجازت کے بغیر بیرون ملک نہیں جائے گا، اس طرح دونوں افسروں کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ انسداد دہشت گردی ایکٹ1997 ء کی سیکشن28 کی خلاف ورزی ہے حالانکہ اس کیس میں عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لئے تاریخ مقرر کر رکھی ہے لیکن کسی بھی ملزم کی عدم موجودگی فرد جرم عائد کرنے میں رکاوٹ اور مقدمہ کے ٹرائل میں تاخیر کا سبب بنے گی عدالت نے دونوں افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آج اپنا جواب عدالت میں جمع کرائیں۔