9 مئی کا ماسٹر مائنڈ ایک وزیراعلیٰ کو مہرے کی طرح استعمال کر رہا : عظمیٰ بخاری 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف "الجہاد الجہاد" کے نعرے لگا کر پی ٹی آئی نے ثابت کیا۔ یہ ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ ہے۔ ٹی ٹی پی کے سیاسی ونگ نے’’جہادی سکواڈ‘‘ بھی قائم کر دیا ہے۔ فتنہ پارٹی نے جہادی سکواڈ کو مسلح کیا ہے، یہ سکواڈ اسلحہ، شیلنگ، غلیلوں، کانچ اور ربڑ کی گولیوں سے لیس ہو گا۔ 9مئی کا ماسٹر مائنڈ فیڈریشن کے خلاف ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو مسلسل مہرے کی طرح استعمال کر رہا ہے۔ فتنہ پارٹی کے 90فیصد لوگ 24 نومبر کے احتجاج کے مخالف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا بشریٰ بی بی کے آمرانہ اور تحقیر آمیز رویے سے ان کے ارکان اسمبلی میں پھوٹ پڑ چکی ہے۔ علیمہ خان اور شیر افضل مروت نے بھی بشریٰ بی بی کی پارٹی پر قبضے کی کھل کر مخالفت کی ہے۔ ان کے پنجاب کے ارکان اسمبلی کافی سمجھدار ہیں، انہوں نے بشریٰ کی لیڈرشپ کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ جن بچوں کے ہاتھ میں لیب ٹاپس، فری کتابیں، مفت ادویات، بائیکس اور جدید سکلز ہونی چاہئیں، فساد گروپ ان کو غلیلیں، پٹرول بمب اور ڈنڈے دے کر ریاست کے خلاف مسلح کر رہا ہے۔ ریاست کو کمزور مت سمجھیں، ہمیں جتھوں اور بلوائیوں کا علاج کرنا بڑے اچھے سے آتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن