پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نیا ریکارڈ، 100 انڈکس 97328 پوائنٹس پر پہنچ گیا، سونا مہنگا، ڈالر سستا

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک نیا ریکارڈ بن گیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار مارکیٹ 97ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گئی۔  مارکیٹ کے سرمائے میں 196ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 125کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 54.48فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ کا بلندیو ں کی جانب تیزی کے ساتھ سفر جاری ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار جمعرات کو مارکیٹ 97ہزار 400پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچی۔ جمعرات کو کے ایس ای 100انڈیکس میں 1781پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 95ہزار 546پوائنٹس سے بڑھ کر 97ہزار 328پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح 614 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 29ہزار 578پوائنٹس سے بڑھ کر 30ہزار 192پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 61ہزار 182پوائنٹس سے بڑھ کر 62ہزار 1332ہوائنٹس ہو گیا۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں 3700روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 2لاکھ 78ہزار روپے کی بلند سطح پر جا پہنچی۔ اسی طرح 3172 روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 2لاکھ 38ہزار 340روپے ہو گئی۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں 37ڈالرکے اضافے سے فی اونس سونا 2668ڈالر کا ہو گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک میں 10پیسے کی کمی سے ڈالر کی قدر 277.90روپے ہو گئی۔ اسی طرح اوپن مارکیٹ میں 5پیسے سستا ہو کر ڈالر 278.94روپے کا ہو گیا۔

ای پیپر دی نیشن