برطانیہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی منصوبوں کیلئے 108 ملین پاؤنڈ دیگا

Nov 22, 2024

اسلام آباد (نیٹ نیوز+این این آئی) برطانیہ نے پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے منصوبوں کیلئے 108 ملین پاؤنڈ کے پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ وزیر برائے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان ہیمش فالکنر نے اسلام آباد میں پروگرام کا افتتاح کیا، برطانوی ہائی کمشن کے مطابق پروگرام نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور ماحولیاتی ٹیکنالوجی کی حوصلہ افزائی کرے گا۔برطانوی ہائی کمشن کے اعلامیہ کے مطابق انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے تعاون سے پاکستان میں مقامی کاروبار میں سرمایہ کاری کی جائیگی، پاکستان میں ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے مقامی کاروبار کی مدد کی جائیگی۔اعلامیہ کے مطابق برطانوی پروگرام پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو کئی گنا بڑھانے میں معاون ہوگا، ہیمش فالکنر نے کہا  ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ برطانوی وزیر ہیمش فالکنر نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کیں، برطانوی وزیر نے جمہوریت اور بنیادی آزادی کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر پاکستان میں برطانیہ اور پاکستان کے مضبوط تعلقات کے فروغ پر گفتگو بھی کی گئی۔

مزیدخبریں