اسلام آباد(خبر نگار خصوصی)وزیراعظم محمد شہبازشریف کی دعوت پر بیلاروس کے صدرالیگزینڈر لوکالشینکو 25 سے 27 نومبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ یہ بات دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پریس بریفنگ میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ صدر الیگزینڈر لوکا لشینکو کے دورے میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ امور پر بات چیت ہوگی۔ ترجمان نے کہا کہ دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر بات چیت اور دستخط بھی متوقع ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بیلاروس کے صدر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔