اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بیان کو انتہائی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موصوفہ نے دوست اسلامی ملک پر خودکش حملہ کردیا۔ بشریٰ بی بی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہا کہ ان کی سیاست جھوٹ، بہتان اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ پر چلتی ہے، اپنے سیاسی بیانیے کو فروغ دینے کے لیے یہ ملک تعلقات کو خراب کرسکتے ہیں۔ یہ پڑھی لکھی خاتون نہیں ہیں ، انہوں نے انتہائی مکروہ حرکت کی ہے۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ان کے جھوٹ کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ اس دورے کے بعد ان کی اپنی بیٹی کی شادی اسی ملک میں ہوئی اور وہی سے ان کو تحائف ملے جو انہوں نے بلیک مارکیٹ میں فروخت کیے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا سیاسی بیانیے کو فروغ دینے کے لیے یہ ملکی تعلقات کو خراب کرسکتے ہیں اور ملک میں آگ بھی لگا سکتے ہیں، ان کو ایک کام نہیں آتا اور وہ سچ بولنا ہے۔سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے قریبی ذرائع نے بشریٰ بی بی کے دعویٰ کی تردید کی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق قمر جاوید باجوہ کے قریبی ذرائع نے بشریٰ بی بی کے الزام کی تردید کی ہے۔ دورے کے بعد جنرل (ر) باجوہ کے پاس کوئی کالز نہیں آئیں۔ بشریٰ بی بی نے سب کئے کرائے پر پانی پھیر دیا۔ بشریٰ بی بی نے جھوٹی بات کی قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ خانہ کعبہ میں یہ بات کرنے کو تیار ہیں کہ یہ الزام جھوٹا ہے۔ دوسری جانب، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک گھریلو غیرسیاسی خاتون نے قوم سے خطاب کیا، موصوفہ نے ایک دوست اسلامی ملک پر خودکش حملہ کر دیا ہے، دوست ملک پر شریعت ختم کرنے کا بڑا الزام لگا کر خود شریعت کی ٹھیکیدار بن رہی ہیں۔ ان فسادیوں کے ہوتے ہوئے ملک کا بھلا نہیں ہو سکتا، مزید کہا کہ بڑا دوست اسلامی ملک جو مسلم امہ کا ستون ہے اس پر یہ الزام بہت خطرناک ہے۔ ترجمان حکومت سندھ سعدیہ جاوید نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک بار پھر ملک کے خلاف سازشیں کرنے لگی ہے، بشریٰ بی بی کا دوست اسلامی ملک کے خلاف بیان ملک کو تنہا کرنیکی سازش ہے۔، پاکستان کے مستقبل سے کھیلنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔