لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کی کراچی میں رونمائی کی گئی جہاں برنس روڈ پر اسکا فوٹو شوٹ بھی ہوا۔ چیمپئنز ٹرافی کاکراچی میں جگہ جگہ شو کیا گیا، شائقین کی بھرپور شرکت ہوئی۔جوش و خروش کا مظاہرہ دیکھا گیا،شائقین بھرپورٹرافی کی زیارت کرتے اور نعرے بازی بھی کرتے رہے ۔فینز کی بڑی تعداد برنس روڈ پر ٹرافی دیکھنے جمع ہوگئی، فینزنے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی ویڈیوز اور تصاویر بنائیں۔ٹرافی کا برنس روڈ پر واقع ایک قدیم بلڈنگ کی بالکونی میں بھی فوٹو شوٹ کیا گیا۔ یہ ٹرافی 25 نومبر تک کراچی میں رہے گی۔چیمپیئنز ٹرافی 2025 ء کے سلسلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل وفد کی اگلے ہفتے پاکستان آمد متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی وفد کی آمد کی تاریخیں ابھی فائنل نہیں ہوئیں، آئی سی سی نے ابھی تک دورے کیلئے پی سی بی کو آگاہ نہیں کیا۔ آئی سی سی وفد چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کریگا جبکہ آئی سی سی اور بی سی سی آئی کے درمیان چیمپئنز ٹرافی پر بات چیت متوقع ہے۔بھارتی صحافی شیکھر لوتھرا نے بی سی سی آئی اور بی جے پی کو ٹیم پاکستان نہ بھیجنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کسی ایک کے دم پر نہیں چلنا چاہیے، پیسے کی ریل پیل سے آپ کرکٹ کا دل نہیں دل جیت سکتے اور نہ ہی لوگوں کے دلوں میں ماحول بناسکتے ہیں، وہ ماحول تب بنتا ہے جب بھارت، آسٹریلیا اور پاکستان کی سیریز ہوتی ہے۔ 90 کی دہائی میں پاکستان‘ بھارت سیریز ہوتی تھیں تو لوگ ایشزبھولنا شروع ہوگئے تھے اب حالات یہ ہیں کہ ہم جانا نہیں چاہتے جبکہ دوسرا ملک آپ کو خوش آمدید کہہ رہا ہے۔ بی جے پی مسلمان اور پاکستان مخالف ایجنڈے پر ووٹ لیتی ہے، پاکستان نے ہمیشہ بھارت جاکر محبت کاپیغام دیا لیکن مودی سرکار ایک قدم بھی چلنے کو تیار نہیں۔ آج جے شاہ کو بھارت سہ رہا ہے اور کل پوری دنیا انہیں جھیلے گی۔آئی پی ایل کی وجہ سے کرکٹ برباد ہوتی جارہی ہے اور حالات یہ ہیں کہ کبھی ہم ٹیسٹ میں 36 اور کبھی 46 پر آل آؤٹ ہوجاتے ہیں۔ ان ناکامیوں پر بھی کپتان اور کوچ کیخلاف کوئی ایکشن نہیں ہوتا کیونکہ سب کچھ سیاسی ہوتا جارہا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کی کراچی میں رونمائی، پاکستان نے ہمیشہ محبت کا پیغام دیا، مودی سرکار تیار نہیں: بھارتی صحافی
Nov 22, 2024