اسلام آباد؍ کراچی (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کی مناسبت سے نشان پاکستان سی ویو پر ایئرشو کا انعقاد ہوا۔ پاک فضائیہ کے پائلٹس نے لڑاکا طیاروں کے ذریعے کمال مہارت کا مظاہرہ کیا۔ پاک بحریہ کے سی کنگ، زولونائنر اور ایلوٹ ہیلی کاپٹرز نے پیشہ ورانہ صلاحیت، سی 130 طیارے سے ہزاروں فٹ کی بلندی سے فری فال پیرا جمپ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ پاکستان نیوی میرینز کی جانب سے سپیشل گن ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ پا ک بحریہ کے میرینز اور سپیشل فورسز کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے خصوصی مظاہرے کے دوران پیشہ ورانہ تربیت کا زبردست مظاہرہ کیا گیا۔ تینوں مسلح افواج کا مشترکہ کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیمو پیش کیا گیا۔ فلائی پاسٹ، ٹرائی سروسز سٹیٹک اور فری فال پیرا جمپ، بیچ اسالٹ سمیت دیگر مظاہرے بھی دکھائے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تھے جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی ایئرشو میں شرکت کی۔ تینوں مسلح افواج کے سپیشل سروسز گروپ کی جانب سے کئے جانے والے مظاہرے میں بری، بحری اور فضائی اثاثوں سی کنگ، زولو بوٹس، سپیڈ بوٹس اور ہوورکرافٹ نے حصہ لیا۔ مظاہرے کے دوران کمانڈوز سی کنگ ہیلی کاپٹرز سے رسوں کی مدد سے ساحل پر اترے۔ پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے مختلف منوورز (پیشہ ورانہ تربیت) کے مظاہرے پیش کیے، فضاؤں میں (فلیئرز) روشنی کے گولے چھوڑے۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کراچی ایکسپو سنٹر میں منعقدہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا دورہ کیا اور مختلف سٹالز کا جائزہ لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو نے نیشنل انکیوبیشن سنٹر فار ایروسپیس ٹیکنالوجی کے ذریعے مقامی صنعتوں کی صلاحیت اور ہنر کے فروغ پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ ظہیر احمد بابر سدھو نے دورے کے دوران غیر ملکی وفود سے ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں ایروسپیس آلات کی خریدوفروخت اور دفاعی صنعت میں خود کفالت بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے نمائش کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے نمائش کے موقع پر ملاقاتیں کیں۔ جنرل ساحر شمشاد نے مختلف ملکوں کے وزرائے دفاع سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے فوجی کمانڈرز اور اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کرنے والوں میں ترکیہ، آذربائیجان کے حکام شامل تھے۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار (آئیڈیاز) 2024 کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اپنے دورے کے دوران ایڈمرل نوید اشرف نے غیر ملکی فوجی حکام، دفاعی صنعت کے نمائندگان اور نمائش کے شرکاء سے تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کی پہلی نیشنل ٹیکنالوجی یونیورسٹی کراچی ایکسپو سینٹر میں ہونے والے آئیڈیاز ایکسپوکے دوران نیو ٹیک کے وفد نے صنعتوں اور انجمنوں کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ اسی سلسلے میں رجسٹرار بریگیڈئیر ڈاکٹر سید عدنان قاسم کی زیر قیادت وفد نے آباد کے مرکزی دفتر کراچی کا دورہ کیا۔ ملاقات کے دوران مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران آباد کے چیئرمین محمد حسن بخشی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نیو ٹیک کے بی ای ٹی سول انجینئرنگ پروگرام میں داخلہ لینے والے طلباء کی یونیورسٹی فیس کا 50% حصہ آباد کی طرف سے ادا کیا جائے گا، اور گریجویٹس کے لیے ملازمت کی ضمانت بھی فراہم کی جائے گی۔
آئیڈیاز 2024، نشان پاکستان سی ویو پر فضائیہ کا شاندار ائر شو، تینوں افواج کا انسداد دہشتگردی ڈیمو
Nov 22, 2024