نام محمدﷺ اس پاک ہستی کا نام ہے جس کی وجہ سے ساری کائنات کو سجایا گیا ۔ جس نے خاک کے ذروں کو حیات بخشی گئی ۔ اسم محمدﷺ نام ہے اس نور مجسم کا جس کے نور سے آفاق عالم کو منور کیا گیا ۔ اسم محمدﷺ نام ہے اس ہستی کا جس کی وجہ سے یہ آفتاب ، چاند ستارے ،دنیا کی خوبصورتی اور باکمال انسان غرض یہ کہ عالم رنگ و بو کا ہر ہر ذرہ اور ہر ہر قطرہ تخلیق کیا گیا ۔
سب سے پہلے مشیت کے انوار سے نقش روئے محمد ؐ کو بنایا گیا
پھر اسی نقش سے لے کے کچھ روشنی بزم کون ومکاں کو سجایا گیا
اسم محمدﷺ نام ہے اس حسن و جمال کے پیکر کا جس میں دل سے نگاہ تک ، روح سے جسم تک سر سے پیر تک حسن ہی حسن ، پاکیزگی ہی پاکیزگی ،لطافت ہی لطافت ، نزاکت ہی نزاکت ہی چھائی ہوئی تھی ۔ جس کی مقدس سیرت میں تمام انبیاء و رسل کی سیرتیں ، خوبیاں ، کمالات اور معجزات جمع کر دیے گئے ۔
بامِ افلاک سے دامنِ خاک تک جذبۂ شوق سے فہم و ادراک تک
محسن ہر شے میں اس کا سمویا گیا نور ہر سمت اس کا رچایا گیا
اسم محمدﷺ نام ہے اس رحمت دو عالم کا جو یتیموں کا والی ، غریبوں کا سہارا، فقیروں کا ملجا، ضعیفوں کا ماویٰ، مصیبت میں کام آنے والا۔جس کی بارگاہ ناز سے سب نے بغیر کسی رنگ و نسل کی تفریق سے فیض پایا ۔ جس کا نام کروڑوں زبانوں پر جاری ساری ہے ۔جس کی عظمت کو غیر مسلم بھی تسلیم کرتے ہیں۔
اسم محمدﷺ وہ بابرکت نام ہے جو شب وروز بار بار ہر لمحہ اور ہر گھڑی لاکھوں کروڑوں لوگوں کی زبانوں کو ازلی سعادت بخشتا ہے اور قلب وروح کو ابدی مسرتیں عطا کرتا ہے ۔ جس نام کی برکت سے بگڑے کام سنور جاتے ہیں ۔
یہ نام کوئی کام بگڑنے نہیں دیتا
بگڑے ہوئے بھی بنا دیتا ہے بس نام محمدؐ
جس کا تذکرہ آسمانوں میں فرشتے کرتے ہیں ۔ اس ہستی کا نام محمدﷺ ہے جس کی بارگاہ ناز میںفرشتوں کے سردار جبریل امین بھی بڑے ادب کے ساتھ حاضر ہوتے ہیں ۔اسم محمدﷺ نام ہے محبوب خدا کا جس کا متعلق اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :بے شک میں میرے فرشتے آپؐ پر دورد شریف بھیجتے ہیں اے ایمان والوتم بھی اس پر خوب درود اور سلام بھیجو۔
نوازشوں پر نوازشیں ہیں عنایتوں پر عنایتیں ہیں
نبی پر درود پڑھ کر ہم اپنی قسمت جگا رہے ہیں
فضائل و بر کات نام محمد ﷺ(۱)
Nov 22, 2024