اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) سید سادات حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی حسین وادیوں سے مالا مال خطہ ہے اس لیے حکومت سیاحت کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے،ہمیں سیاحت کو باقاعدہ ایک انڈسٹری کا درجہ دیتے ہوئے اس شعبے سے وابستہ مقامی افراد کے رویوں کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔حکومت کو سیاحت کے حوالے سے موثر قانون سازی کرنے اور قوانین مرتب کرے اس اقدام سے جہاں ہمیں بیش قیمت زرمبادلہ حاصل ہو گا وہیں دنیا کو ہماری طرف سے امن اور مذہبی رواداری کا پیغام جائے گا اور دنیا بھر میں پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر اجاگر ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح نہ صرف ملک بھر سے شمالی علاقوں کا رخ کرنے والے مقامی سیاحوں کو وہ ماحول میسر آئے گا جس کا تجربہ وہ دیگر ممالک کی سیاحت کے دوران کر چکے ہیں بلکہ مذہبی سیاحت کے شعبے میں بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں بھی فوری طور پر نمایاں اضافہ ہو گا جس سے ملک کو قیمتی زرمبادلہ کے حصول کا ایک نیا اور مستقل ذریعہ میسر آئے گا۔