اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹرسے )سینٹرل ہیڈ ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان ، ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اور آئی سی سی آئی کے سابق صدر میاں اکرم فرید نے کہا ہے کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی اور ٹیکنکل ایجوکیشن کا دور ہے کسی بھی ملک کی ترقی میں یہ شعبے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ۔ ایف پی سی سی آئی کی مرکزی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے کنوینر اور سابق چیئرمین سکل ڈیولپمنٹ کی حیثیت سے تقریبا چالیس ہزار نوجوانوں جن میں خواتین کی بھی کثیر تعداد شامل ہے کو ہم نے بین الاقوامی سطح کی پروفیشنل آئی ٹی اور دیگر ٹیکنکل کورسز کروائیں ہیں جن کی بدولت یہ افراد نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک میں بھی باعزت طور پربرسر روزگار ہیں اور ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ کا اہم ذریعہ ہیں۔ یہ بات انہوں نے بطور مہمان خصوصی لاہور یونیورسٹی آف منیجیمنٹ سائینسز(لمز)کے سالانہ عشائیہ کی تقریب کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا پاکستان کی ترقی میں لمز یونیورسٹی کے طالب علموں کا کردار قابل ستائش ہے اور یونیورسٹی کی طرف سے مستحق نوجوانوں کیلئے خصوصی پروگرامز قابل ستائش ہیں۔