اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ جن ملکوں کی سرحدیں محفوظ نہیں ہوتیں وہ شام ،عراق ،مصر اور لیبیا کی طرح نہ ترقی کر سکتے ہیں اور نہ ہی نوجوانوں کو روشن مستقبل کی ضمانت دے سکتے ہیں، وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا ٹیلنٹ دنیا بھر میں مختلف کھیلوں میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے گا، حکومت نوجوانوں بالخصوص بچیوں کو ہر کھیل میں مواقع فراہم کر رہی ہے۔ وہ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں یونیورسٹی سپورٹس اولمپیاڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے کہا کہ آج ہم نے یونیورسٹی سپورٹس اولمپیاڈ شروع کر دیا ہے، اس میں ملک بھر کے باصلاحیت طلباء و طالبات کو آگے لائیں گے، اب پاکستان ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام متعارف کرا رہے ہیں، اس کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو مزید مواقع فراہم کرنا ہے، اب دنیا کے ہر ملک میں سیف گیمز، اولمپک اور دیگر عالمی کھیلوں میں ہمارے نوجوان نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنی افواج پاکستان کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں سے ہم آج محفوظ ہیں۔ رانا مشہود احمد نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا عزم ہے کہ نوجوان بچے اور بچیوں کو پلیٹ فارم اور مواقع بڑھائیں گے تا کہ انھیں دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع مل سکے۔انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیوں اور نوجوانوں کی ترقی دراصل ہمارے ملک کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو فنی تربیت،روزگار کے مواقع ،آئی ٹی ،سپورٹس سمیت ہر شعبے میں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خوشحالی اور ترقی کاسفر شروع ہو گیا ہے، کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال احمد، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی ،چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، ایم این اے انجم عقیل، لبنان ، اردن کے سفراء ،صوبائی وزراء ،ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر ز، سپورٹس شعبوں کے سربراہان اور ٹیموں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
یونیورسٹی سپورٹس اولمپیاڈمیں باصلاحیت طلبہ کو آگے لائیں گے، رانا مشہود احمد
Nov 22, 2024