الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم کوایف بی آرکے سسٹم سے مربوط کرنے کا فیصلہ 

لاہور( کامرس رپورٹر)پنجاب ریونیو اتھارٹی کے الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم کوفیڈرل بورڈ آف ریو نیو کے پوائنٹ آف سیلز سسٹم سے مربوط کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق پی آر اے کی الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم اور پوائنٹ آف سیلز سسٹم کی تنصیب ہونے سے ٹیکس ڈیٹا کا حصول آسان ہوسکے گا۔پی آر اے کے الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم کو ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیلز سسٹم سے منسلک کرنے سے ٹیکس گزاروں کو دونوں سسٹم کے ساتھ علیحدہ علیحدہ مربوط کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔دونوں سسٹم کو مربوط کرنے سے کچی رسیدوں کی آڑ میں ٹیکس چوری کے عمل کو ممکنہ طور پر روکنے میں مدد مل سکے گی۔ترجمان کے مطابق پہلے مرحلہ میں 31 دسمبر تک تمام ریسٹورنٹس کو پوائنٹ آف سیلزسسٹم کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلہ میں 28 فروری تک سروس سیکٹرز کو بھی پی او ایس سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔ صوبوں کی ٹیکس اتھارٹیز کا ایف بی آر کے سسٹم سے منسوب ہونے سے ٹیکس کی ریکوری اور مانیٹرنگ بھی آسان ہوسکے گی۔اس کے علاوہ ریسٹورنس مالکان کو بھی انوائس جنریٹ کرنے میں آسانی ہوسکے گی۔

ای پیپر دی نیشن