اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) نیوٹیک پاکستان کی پہلی نیشنل ٹیکنالوجی یونیورسٹی ہے جو صنعت کیلئے اپنے علمی، تعلیمی اور پیشہ ورانہ خدمات پیش کرنے کے عزم کے ساتھ قائم کی گئی ہے۔ اپنے وژن، مشن اور صنعت کے لیے لگن کے مطابق، اور اپنی صنعتی مصنوعات کی نمائش کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے، نیو ٹیک 19 سے 22 نومبر 2024 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں ہونے والے آئیڈیاز ایکسپو 2024 میں شرکت کر رہی ہے۔ آئیڈیاز ایکسپو میں شرکت کے دوران نیو ٹیک کے وفد نے صنعتوں اور انجمنوں کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ اسی سلسلے میں رجسٹرار بریگیڈئیر ڈاکٹر سید عدنان قاسم کی زیر قیادت وفد نے آباد کے مرکزی دفتر کراچی کا دورہ کیا۔ ملاقات کے دوران جن موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں نیو ٹیک بی ای ٹی (سول) پروگرام کی آباد کے زیر اہتمام اسپانسرشپ 2025 ، آباد کے تعلیمی آڈٹ کا منصوبہ اور جاری بی ای ٹی پروگرامز کا جائزہ، اور تعمیراتی صنعت کے لیے قومی پالیسی کی ترقی اور نفاذ کی حکمت عملی میں نیو ٹیک کا کردار شامل تھے۔ ملاقات کے دوران آباد کے چیئرمین محمد حسن بخشی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نیو ٹیک کے بی ای ٹی سول انجینئرنگ پروگرام میں داخلہ لینے والے طلباء کی یونیورسٹی فیس کا 50% حصہ آباد کی طرف سے ادا کیا جائے گا، اور گریجویٹس کے لیے ملازمت کی ضمانت بھی فراہم کی جائے گی۔
نیو ٹیک کے وفد کی آئیڈیاز ایکسپومیں شرکت، صنعتوں کے رہنمائوں سے ملاقاتیں
Nov 22, 2024