بشریٰ بی بی کا بیان ذاتی ہے پارٹی پالیسی نہیں: بیرسٹر سیف

Nov 22, 2024 | 11:16

 مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کا بیان پارٹی کی پالیسی نہیں بلکہ  ان کا ذاتی بیان ہے۔ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ پارٹی کی پالیسی پارٹی چیئرمین، سیکرٹری جنرل یا ترجمان ہی دے سکتا ہے، بشریٰ بی بی بانی چیئرمین کی اہلیہ ہیں، وہ جو کہہ رہی ہیں اس کی اپنی اہمیت ہے تاہم ان کا بیان پارٹی کی پالیسی نہیں بلکہ ان کا ذاتی بیان ہے۔واضح رہےکہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا تھا  کہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو جنرل باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں کہ یہ آپ کس شخص کو لے آئے، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔ بشریٰ بی بی  نے کہا تھا کہ  باجوہ کو کہا گیا ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لےکر آئے،کہا گیا ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا ، بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیا۔

مزیدخبریں