پاکستانی فاسٹ بولر نے لیجنڈری آل راونڈر کا ریکارڈ برابر کرکے تاریخ رقم کردی۔

Nov 22, 2024 | 15:01

کرکٹ میں آئے روز نئے سے نئے ریکارڈ بنتے اور توٹتے ہیں مگر کئی ریکارڈ ایسے ہوتے ہیں جن کو برابر کرنے اور توڑنے میں سالوں لگ جاتے ہیں۔ اسی طرح کا ایک ریکارڈ پاکستان کے فاسٹ بولر نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں پاکستان کے لیجنڈ آل رونڈر عمران خان کا برابر کر دیا ہے۔  محمد عباس فرسٹ کلاس کرکٹ میچ میں 13ویں مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کرکے  قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راونڈر عمران خان کے برابرآگئے۔فاسٹ بولر محمد عباس نے یہ سنگ میل قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں لاہور بلیوز کی جانب سے کھیلتے ہوئے  فاٹا ریجن کے خلاف عبور کیا۔انہوں نے پہلی اننگ میں 22 اوورز میں 6 وکٹیں صرف 39 رنز دے کر حاصل کیں، جن میں 10 میڈن اوور بھی شامل تھے۔ دوسری اننگ میں بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے محمد عباس نے 35 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔فرسٹ کلاس کرکٹ میں 13 ویں بار  10ٍ وکٹیں حاصل کرنے پر محمد عباس،  وسیم اکرم، وقار یونس اور عمران خان جیسے لیجنڈری فاسٹ بولرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔محمد عباس اس فہرست میں عمران خان کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ وقار یونس  14 بار اور وسیم اکرم 16 بار 10 وکٹیں لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔اس کے علاوہ محمد عباس رواں قائداعظم ٹرافی کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی ہیں، انہوں نے اب تک 31 وکٹیں حاصل کی ہیں اور ان کی اوسط 14.39 اور اکانومی ریٹ صرف 2.35 ہے۔محمد عباس نے اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ میڈن اوورز (60) بھی کیے ہیں۔ خیال رہے محمد عباس نے پاکستان کی جانب سے آخری ٹیسٹ میچ اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔

مزیدخبریں