اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافات کے رہائشیوں کو ایک بار پھر خبردار کر دیا!

Nov 22, 2024 | 15:02

اسرائیلی فوج نے آج جمعے کے روز بیروت کے جنوبی مضافات میں کئی علاقوں کی آبادی کو خبردار کیا ہے۔ اس سے قبل جمعرات کے روز بیروت کے جنوب میں اور لبنان کے مشرق اور جنوب میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 50 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے "ایکس" پر جاری ایک بیان میں الحدث اور حارہ حریک کے علاقوں میں بعض عمارتوں کے رہائشیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر جگہ کو خالی کر دیں اور وہاں سے کم از کم 500 میٹر کی دوری پر چلے جائیں۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ یہ عمارتیں حزب اللہ کی تنصیبات کے قریب واقع ہیں۔جمعرات کو علی الصباح سے رات تک اسرائیل نے چار مختلف اوقات میں بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الضاحیہ پر 12 فضائی حملے کیے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق حملوں میں حزب اللہ کی قیادت کے مراکز اور تنظیم کے عسکری ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔دوسری جانب حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں سرحدی قصبوں کے اطراف اسرائیلی فوجیوں کو نو کارروائیوں میں نشانہ بنایا۔اسرائیل نے 23 ستمبر سے لبنان میں اپنے فضائی حملوں کا سلسلہ شدید کر دیا۔ ان حملوں میں بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الضاحیہ کے علاوہ ملک کے جنوبی اور مشرقی حصوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح اسرائیل نے یکم اکتوبر سے جنوبی لبنان میں زمینی آپریشن شروع کر دیا جہاں وسیع پیمانے پر تباہی پھیل چکی ہے۔یاد رہے کہ 8 اکتوبر 2023 سے اب تک حزب اللہ کے ساتھ لڑائی میں اسرائیل کے حملوں میں کم از کم 3583 لبنانی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں