پی ٹی آئی کو 24 نومبر سے پہلے بڑا جھٹکا، بشریٰ بی بی کے وارنٹ جاری

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وارنٹ اس کیس میں عدالت میں پیش نہ ہونے پر جمعہ کو اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران جاری کیے گئے۔

دوسری جانب، اسپیشل جج سینٹرل شاروخ ارجمند نے توشہ خانہ-II کیس میں عمران خان کی رہائی کے لیے روبکار جاری کر دیا۔ عمران خان کو اس کیس میں ضمانت دی گئی تھی۔پی ٹی آئی کے بانی نے جمعہ کو ایک ملین روپے کا ضمانتی مچلکہ جمع کرایا، جس کے بعد جج نے روبکار جاری کی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف 24 نومبر کو ملک گیر احتجاج کا ارادہ رکھتی ہے اور سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی عمران خان کی عدم موجودگی میں پی ٹی آئی کی رہنمائی کررہی ہیں۔بشریٰ بی بی کے جیل سے باہر آنے سے پہلے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان پارٹی کو بانی پی ٹی آئی کے پیغامات پہنچارہی تھیں تاہم بشریٰ بی بی کی رہائی کے بعد انہوں نے پارٹی معاملات اپنے ہاتھ میں لے لئے تھے۔بشریٰ بی بی کی گرفتاری کی صورت میں علیمہ خان کے دوبارہ فعال ہونے کا امکان ہے۔

ای پیپر دی نیشن