وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان میاں منظوراحمد وٹو نے اج لاہور میںشفقت پدری سے محروم بچوں کے لئے قائم کردہ پاکستان ہوم سویٹ کا دورہ کیا اور ہوم سویٹ انتظامیہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا، بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز لیگ صوبے کا امن خود خراب کر رہی ہے اور دو تہائی اکثریت سے منتخب ہونے والے صدر کے خلاف نعرے بازی کی جارہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نون لیگ کی ریلیوں سے خوفزدہ ہونے کے بجائے حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ میاں منظور احمد وٹو کا کہنا تھا کہ لاہور میں آزاد کشمیر اسمبلی کی ایک نشست پر الیکشن کرانے میں ناکام رہنے والے کس منہ سےمڈٹرم انتخابات کی بات کررہے ہیں ۔ پنجاب کے حکمرانوں کو ڈینگی اور عمران خان کا خوف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نون لیگی قیادت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تواسے پھر جلا وطنی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔