اقوام متحدہ (نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان ساتویں بار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست پر دو سال کیلئے رکن منتخب ہو گیا‘ صدر آصف زرداری اور وزیراعظم یوسف گیلانی نے عالمی ادارے کے انتخاب میں کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ جمعہ کو 193 رکنی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ارکان نے سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشستوں کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں تین نشستوں کیلئے ووٹ دیئے۔ کامیابی کیلئے امیدوار ممالک کو جنرل اسمبلی کے 193 میں سے دو تہائی یعنی 129 ارکان کی حمایت کی ضرورت تھی ایشیا کی نشست پر پاکستان 129 ووٹ لے کر کرغیزستان کے مقابلہ میں اپنی نشست جیتنے میں کامیاب رہا۔ کرغیزستان کو 55 ووٹ ملے۔ یہ نشست 31 دسمبر 2011ءکو لبنان کی مدت پوری ہونے پر خالی ہو گی جس کے بعد پاکستان یہ نشست سنبھال لے گا۔ مراکش کو 193 میں سے 151 ووٹ ملے‘ گوئٹے مالا نے 193 میں سے 191 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ دوسرے مرحلے میں افریقہ اور مشرقی یورپ سے ایک ایک ملک کو سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کیلئے چنا جائیگا۔ افریقہ کی نشست پر ٹوگو اور موریطانیہ مدمقابل ہیں جبکہ مشرقی یورپ کی نشست کیلئے آذربائیجان، سلووینیا اور ہنگری کا مقابلہ ہو گا۔ بھارت گذشتہ برس 192 میں سے 187 ووٹ لے کر سلامتی کونسل کا دو سال کیلئے غیر مستقل رکن منتخب ہوا تھا اس طرح سلامتی کونسل میں پہلی مرتبہ بھارت اور پاکستان دونوں غیر مستقل رکن کی حیثیت سے ایک ساتھ موجود ہونگے۔ جنرل اسمبلی کے صدر ناصر عبدالعزیز الناصر کی طرف سے پاکستان کی کامیابی کے اعلان کے ساتھ ہی جنرل اسمبلی ہال تالیوں سے گونج اٹھا‘ پاکستانی سفیر عبداللہ حسین ہارون اپنی نشست سے کھڑے ہو گئے اور تمام ارکان کی طرف ہاتھ ہلاتے رہے۔ ووٹنگ کے بعد انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے لئے اہم لمحہ ہے‘ انہوں نے عالمی برادری خصوصاً چین کی طرف سے حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے مغربی طاقتوں کی حمایت کے بغیر یہ سنگ میل حاصل کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں پاکستانی سفیر نے بھارت کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں بھارتی ہم منصب ہردیپ سنگھ پوری نے ٹیلی فون پر مبارکباد دی ہے۔ اس سوال پر کہ کیا پاکستان سکیورٹی کونسل میں مسئلہ کشمیر اٹھائے گا۔ عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ دہائیوں پرانا حل طلب مسئلہ 15 رکنی باڈی کے ایجنڈا پر موجود ہے‘ پاکستان اور بھارت کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر بات چیت کر رہے ہیں‘ یقین ہے کہ مذاکرات کے ذریعے ہم مسئلہ کے حل تک پہنچ جائیں گے۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے سلامتی کونسل کی نشست کے لئے شاندار سفارتی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ دوتہائی اکثریت سے دنیا میں ہماری اہمیت واضح ہوئی ہے۔