ماسکو (اے ایف پی) روسی فوج نے شمالی کاکیشیا کے علاقے میں کارروائی کرکے 49 عسکریت پسندوں کو جاں بحق کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ آپریشن صدر پےوٹن کے اس بیان کے بعد کیا گیا جس میں انہوں نے اس علاقے میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات اور انہیں روکنے میں ناکامی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ روس کی انسداد دہشت گردی کمیٹی نے بتایا کہ یہ آپریشن تشدد سے متاثرہ مسلم خطے کی متعدد ریاستوں میں کیا گیا جس کے نتیجے میں متعدد انتہائی خطرناک گوریلا کمانڈروں اور انکے ساتھیوں کا صفایا کردیا گیا اور ان کے سسٹم کو مکمل طور پر ختم کردیا۔ کمیٹی نے بتایا کہ بڑے پیمانے پر کی جانیوالی اس کارروائی میں مقامی اور وفاقی فوجی دستوں نے حصہ لیا اور عسکریت پسندوں کے 90 اڈوں کو تباہ کردیا گیا۔ بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ آپریشن کب شروع کیا گیا اور اسے مکمل کرنے میں کتنا عرصہ لگا۔ واضح رہے کہ صدر پےوٹن نے گزشتہ جمعہ کو شمالی کاکیشیا کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس علاقے پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں ناکامی پر متعلقہ افسروں پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔
شمالی کا کیشیا میں آپریشن‘49 عسکریت پسند جاں بحق ہو چکے : روس کا دعوی
Oct 22, 2012