لاہور (خبرنگار) وفاقی وزیر امور کشمیر، پیپلزپارٹی پنجاب کے نئے صدر میاں منظور احمد وٹو نئی ذمہ داریاں سونپے جانے کے بعد آج اسلام آباد سے لاہور پہنچ رہے ہیں۔ میاں منظور احمد وٹو دوپہر ساڑھے بارہ بجے پی آئی اے کی پرواز سے لاہور ائرپورٹ پہنچیں گے جہاں پیپلزپارٹی لاہور کے کارکن اور راہنماﺅں کا استقبال کریں گے جس کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ منظور وٹو جلوس کے ساتھ ناصرباغ جائیں گے جہاں وہ جلسے سے خطاب کریں گے۔ جلسہ سے خطاب کے بعد منظور وٹو داتا دربارؒ جائیں گے اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور پیپلزپارٹی کی پنجاب میں کامیابی کیلئے دعائیں کی جائیں گی۔ میاں منظور احمد وٹو بعدازاں پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ فیصل ٹاﺅن میں پارٹی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ لاہور ائرپورٹ سے داتا دربارؒ تک سڑک کو پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماﺅں کے بورڈز آویزاں کئے گئے ہیں۔ اسلام آباد سے ثنا نیوز کے مطابق میاں منظور احمد وٹو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ منصفانہ انتخابات کے نتیجہ میں پنجاب میں بھی پیپلزپارٹی کی حکومت ہی بنے گی، مسئلہ کشمیر کے حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں اور وفاقی حکومت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری قیادت کی مرضی کے بغیر مسئلہ کشمیر کا کوئی حل قبول نہیں کرے گی۔پیپلز پارٹی پنجاب (سینٹرل) کے نئے صدر میاں منظور وٹو کے صدر بننے کے بعد لاہور آمد پر ان کا ایک ”بڑا استقبال“ پیپلز پارٹی پنجاب اور خصوصاً پیپلز پارٹی لاہورکا آج اہم امتحان ہے۔ صوبائی قیادت اس حوالے سے گزشتہ روز رات گئے تک رابطوں میں مصروف تھی۔ پیپلز پارٹی لاہور کے ڈسٹرکٹ صدور، زونل صدور اور دیگر تمام عہدیداروں کو اس حوالے سے جیالوں کو ائرپورٹ لانے، ایک بڑا جلوس ترتیب دینے اور ناصر باغ میں کامیاب جلسہ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق نے اس استقبال کو کامیاب بنانے اور مسلم لیگ ن کو ”پیغام“ دین کےلئے اپنے ورکرز کو بھی اس جلوس میں شرکت کا اشارہ کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی لاہور کے ”مختلف گروپوں“ نے بھی اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پنجاب کے نئے صدر کے پہلے ”استقبالی جلوس“ کو کامیاب بنانے کےلئے بھرپور شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر ثمینہ خالد گھرکی نے بھی بھرپور تیاریوں کا حکم دیا ہے جب کہ جہانگیر بدر کے دھڑے نے بھی بھرپور شرکت کی تیاری ہے۔ وزیراعظم کے مشیر چودھری اسلم گل اور جہانگیر بدر کے صاحبزادے علی بدر، میاں خالد سعید، اجمل ہاشمی، حاجی نادر خان، ملک ذوالفقار، رانا عیش بہادر، دلاور بٹ، میاں ماجد ایک بڑے جلوس کے ساتھ ائرپورٹ پہنچیں گے۔ لاہور سے قومی وصوبائی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈرز نے بی اپنے اپنے جلوس لے کر ائرپورٹ پہنچنے کا فیصلہ کیا ہے۔