ٹیلنٹ کی کمی نہیں حکومت سپورٹ کرے تو ہر ٹائٹل پاکستان کے نام کر سکتے ہیں

Oct 22, 2012


لاہور(سپورٹس رپورٹر) میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں حکومت سپورٹ کرئے تو نوجوان دنیا کا ہر ریکارڈ پاکستان کے نام کر سکتے ہیں۔ پاکستان رسہ کشی کے سیکرٹری رانا جمیل نے کہا کہ نوجوانوں نے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھ کر بھارت کا جو ریکارڈ بریک کیا اس نے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا۔ سپورٹس بورڈ پنجاب نے صوبائی حکومت کے تعاون سے یہ کارنامہ انجام دیا۔ ہمارے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ تمام کھیلوں میں نوجوانوں کی رہنمائی کریں تاکہ وہ ملک کا نام روشن کر سکیں۔ پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری وقار علی نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول میں نوجوانوں نے قومی ترانہ پڑھنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر کے پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کر دیا جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ حکومت ہمارے نوجوانوں کی رہنمائی کرئے انشااﷲ باقی ریکارڈ بھی پاکستان کے نام ہو سکتے ہیں۔ بیڈ منٹن کوچ طیب نے کہا کہ حکومت کھیلوں کی تنظیموں کی معاونت کرتے ہوئے انہیں بھرپور وسائل مہیا کرے تاکہ یہ تنظیمیں نوجوان کھلاڑی تیار کر سکیں۔ پنجاب حکومت نے یوتھ فیسٹیول میں جس طرح دلچسپی لی وفاقی حکومت بھی اسی طرح کھیلوں پر توجہ دے۔ قومی سائیکلسٹ مصباح مشتاق، عائشہ امین، راحیلہ بانو اور سدرہ صدف نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ آج پاکستان میں دنیا کے عالمی ریکارڈ قائم ہو رہے جس کا تمام سہرا پنجاب کے سر ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو کھیل کے مواقع فراہم کیے جاتے رہیں تو وہ اپنی قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں