جوہر بارو ( آئی اےن پی)دوسرا سلطان جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ 11 نومبر سے ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں شروع ہو گا، قومی ٹیم 14 نومبر کو روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہو گی۔ 18 نومبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں دنیا بھر سے ٹاپ 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے قسمت آزمائی کریں گی۔ ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں ملائیشیا سمیت، پاکستان، بھارت، جرمنی، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ فائنل سمیت مجموعی طور پر 18 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہو گی، دوسرا میچ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ تیسرے میچ میں ملائیشیا کی ٹیم جرمنی کے آمنے سامنے ہو گی۔ ایونٹ کا فائنل 18 نومبر کو کھیلا جائے گا اور اسی روز تیسری اور پانچویں پوزیشنز کےلئے بھی میچز کھیلے جائیں گے۔ قومی جونیئر ہاکی ٹیم دوسرے سلطان جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز 11 نومبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی۔ قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 11 نومبر کو نیوزی لینڈ سے کھیلے گی، دوسرا میچ 12 نومبر کو آسٹریلیا، تیسرا 14 نومبر کو روایتی حریف بھارت، چوتھا میچ 15 نومبر کو میزبان ملائیشیا جبکہ پانچواں اور آخری میچ 17 نومبر کو جرمنی کے خلاف کھیلے گی۔