شیخوپورہ میں قربانی کے جانوروں کی چوری میں اضافہ

Oct 22, 2012

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی)عیدالاضحی جوں جوں قریب آرہی ہے ضلع شیخوپورہ میں قربانی کے جانوروں کی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی حیران کن طور پر اضافہ ہورہا ہے اور ایک محتاط اندازے کے مطابق 50 سے زائد وارداتوں میں تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کے بکرے، چھترے، دنبے و دیگر مویشی ان وارداتوں کی نذر ہوچکے ہیں اور ضلع پولیس کسی ایک بھی واردات کو اب تک ٹریس نہیں کر سکی اور نہ ان وارداتوں کی روک تھام کیلئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کی وجہ سے قربانی کے جانوروں کے بیوپاری عدم تحفظ کا شکار ہوکر رہ گئے ہیں اور انہوںنے اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی انتظامات کرنا شروع کردئیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان وارداتوں میں اب تک 250 سے زائد قربانی کے جانور چوری وڈکیتی کی نذر ہوگئے ہیں۔ شیخوپورہ اور دیگر دور دراز اضلاع سے آنیوالے ان بیوپاریوں کو کار سوار ڈاکو سرشام گن پوائنٹ پر لوٹ رہے ہیں۔ گذشتہ رات قلعہ ستار شاہ کے نزدیک ڈاکوﺅں نے نیئر عباس نامی بیوپاری سے گن پوائنٹ پر 9 بکرے اور اڑھائی لاکھ روپے نقدی ،موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے جبکہ کوٹ رنجیت میں کار سوار ڈاکوﺅں نے محمد اسلم بیوپاری سے اس کے تین بکرے اور ہزاروں روپے نقدی سے محروم کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ضلع میں ابھی تک ان وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس کی روک تھام کیلئے اب ڈی پی او شیخوپورہ رانا عبدالجبار نے تمام ایس ایچ اوز کو خصوصی طور پر ٹاسک دیدیا ہے اور اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ پٹرولنگ کے نظام کو موثر اور مستقل بنیادوں پر استوار کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی واردات نہ ہو سکے۔ ایک اطلاع کے مطابق بعض شہری قربانی کے جانور خریدنے کے بعد جب اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہوتے ہیں تو اس دوران بھی واردات ہورہی ہے جبکہ گھروں سے قربانی کے جانوروں اور دیگر مویشی چوری ہونے کی وارداتیں زیادہ بتائی گئی ہیں۔

مزیدخبریں