خوشگوار موسم میں ”بقرعید“ کے ملبوسات

Oct 22, 2012

عنبر ین فاطمہ

خوشیوں بھرا عید الاضحیٰ کا مذہبی تہواراس مرتبہ بہت ہی خوشگوار موسم میں آرہا ہے عموماًاس قسم کے موسم میں سردی اور گرمی سے ہٹ کر ملبوسات کا استعمال کیا جاتا ہے۔موسم کی مناسبت سے آج کل شفون ،میڈیم جارجٹ،ملائی جارجٹ،کرنکل شفون ،میڈیم سلک کے ملبوسات بنائے جا رہے ہیں۔”لمبی شرٹس“ کا فیشن مسلسل برقرار ہے ،لگتا ہے کہ خواتین اس فیشن کو تبدیل کرنے کے موڈ میں میں ہی نہیں ہیں کیونکہ ایک عرصہ سے یہ فیشن جوں کا توں ہے، تاہم ایک خاص کلاس نے چھوٹی شرٹس پہننا شروع کر دی ہیں۔گول گھیرے کی شرٹس کی لمبائی اگلی طرف سے کم اور پچھلی طرف سے زیادہ رکھی جا رہی ہے اور فیشن کے اس انداز کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ قمیضوں کی بیک پر ”موٹو“ لگائے جا رہے ہیں خوبصورت ڈیزائن سے بنے ہوئے موٹو پھول اورڈبی کی شکل میں بازار میں بنے بنائے یعنی ریڈی میڈمل رہے ہیں۔مارکیٹ میں دستیاب ان موٹوز پر زیادہ تر دھاگے کا کام ہے۔موٹوز کا استعمال قمیضوں کی جیبوں پر بھی بخوبی کیا جا رہا ہے،رنگ برنگے بٹن ،کالر،بند گلے اور بازوﺅں پر بٹن لگائے جا رہے ہیں۔قمیضوں کے ساتھ ٹائٹس کا فیشن ابھی بھی مقبول ہے اگر ہم یہ کہیں کہ ٹائٹس نے خواتین کی مشکل کو اور بھی آسان کر دیا ہے تو بے جا نہ ہوگا۔پرنٹڈ قمیضوں پر بھی دھاگے اور دبکے کے کام کے علاوہ لائنوں والی بیک اور فرنٹ پلین شرٹس کا فیشن خواتین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، اس قسم کی ڈیزائننگ گول گھیرے والی قمیضوں پر زیادہ دیکھنے کو مل رہی ہے۔عید کے ملبوسات کی تیاری کرنے کے لئے ویسے تو اس وقت مارکیٹ میں کپڑوں کی ڈھیرساری ورائٹی موجود ہے اورہر قسم کے کپڑے کا استعمال بھی ہو رہا ہے لیکن شفون اور جارجٹ کے کپڑے خواتین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں ان کپڑوں کے مختلف قسم کے فراق اور چوڑی دار پاجامے بنائے جا رہے ہیں اور کام کی بجائے لیسوں ،پائپنگ ، مشینی کڑھائی اور ربن سے ان ملبوسات کی ڈیزائننگ کی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ اے لائن قمیض کو بھی انہی چیزوں سے سجایا جا رہا ہے فراق کو سجانے کے لئے آپ کے پاس کافی زیادہ چوائسز ہیں جیسے آپ نے کوئی ایسا سوٹ خرید لیا ہے جس کا پرنٹ پورے سوٹ کے لئے استعمال نہیں کرنا چاہتی ہیں تو آپ اس کےساتھ سادے کپڑے کی کلیوں کا استعمال کر کے اور ان کلیوں میں پائپنگ لگا سکتی ہیں۔ہاتھ کے کام کا رواج مدھم پڑنے کی وجہ سے بنے بنائے گلے اور خوبصورت بٹنوںکا استعمال زیادہ سے زیادہ کیا جارہا ہے ۔ مشینی کڑھائی ملبوسات کی ڈیزائننگ میں کافی اہمیت کی حامل ہے۔اب دکانداروں کے پاس قیمضوں اور دوپٹوں پر لیسں اور بنے بنائے گلے لگا کر دینے کی سہولت بھی ہے یوں آپ اپنا من پسند کام کروا سکتی ہیں ۔گلوں پر لگانے کے لئے اس وقت ایک سے ایک بڑھ کر فینسی بٹن بازار میںموجود ہیں جو درزی کے بنے ہوئے گلے کی خوبصورتی کو مزید بڑھا دیتے ہیں۔یہ ایسا موسم ہے کہ آپ جیسے بھی کپڑے بنائیں گے وہ کافی مہینوں تک زیر استعمال ہی رہیں گے۔جیسے ہی موسم تبدیل ہوتا ہے ڈریس ڈیزائنرز کے درمیان مقابلے کی فضا گرم ہوجاتی ہے اس مرتبہ بھی عید پر نامور ڈریس ڈیزائنرز نے اپنے اپنے ملبوسات مارکیٹ میں متعارف کروانے شروع کر دئیے ہیں۔

مزیدخبریں