کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا آغاز زبردست تیزی سے ہوا اورکے ای ایس سی ، جہانگیر صدیقی اور ایزگرڈ نائن سمیت دیگر کم مالیت کے اسکرپٹس میں نمایاں خریداری نے انڈیکس کو پندرہ ہزار آٹھ سو پوائنٹس کی سطح عبور کرنے میں مدد دی ۔ مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس چھپن پوائنٹس اضافے کے بعد پندرہ ہزارآٹھ سو انچاس پوائنٹس پربند ہوا۔ مجموعی کاروباری حجم چودہ کروڑ اکیانوے لاکھ شئیرزرہا، حجم کے اعتبار سے کے ای ایس سی میں سب سے زیادہ سودے ہوئے۔کاروبار کے اختتام پر ڈی جی خان سیمنٹ، فوجی فرٹیلائزر،اینگروفوڈ اور پاور سیکٹر میں شئیرز کی فروخت کے سبب مارکیٹ کی تیزی محدود رہی۔ دوسری جانب لاہور اسٹاک مارکیٹ میں بھی آج تیزی رہی اورایل ایس پچیس انڈیکس ایک سو چھ پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ چار ہزار تریپن پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں ایک سو دو کمپنیوں کے اٹھائیس لاکھ انچاس ہزارتین سو حصص کا کاروبار ہوا، چوبیس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، تئیس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ پچپن کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔