اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کے دفتر خارجہ نے جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کے ریمارکس پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے جموں و کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تصفیہ طلب مسئلہ ہے۔ یہ امر باعث افسوس ہے بھارتی قیادت جموں و کشمیر کو مسلسل اپنا اٹوٹ انگ قرار دے رہی ہے بلکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ اقوام متحدہ کا رکن ہونے کے ناطے بھارت مسئلہ کشمیر پر عالمی اداروں کی متعدد قراردادوں کو نظرانداز نہیں کرسکتا۔ اگرچہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ معاہدے بھی موجود ہیں لیکن ان کے باوجود اقوام متحدہ کی قراردادوں کی اہمیت اور تقدس برقرار ہے۔ مسئلہ کشمیر پاکستان بھارت مذاکرات کا مرکزی جزو ہے اور اس مسئلہ کے حل تک خطہ میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ بھارت کی جانب سے اس مسئلہ کے بارے میں معاندانہ رویہ، مسئلہ کشمیرکو حل کرنے کی کوششوں کیلئے نقصان دہ ہے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے امریکی میڈیا کے توسط سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وزیراعظم نواز شریف مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے امریکی ثالثی کے خواہاں ہیں جس پر ردّعمل کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے یہ بیان دیا تھا کوئی بھی شخصیت چاہے کتنی اہم کیوں نہ ہو، اس کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر بات وقت کا ضیاع ہوگا۔
دفتر خارجہ