مکان پر قبضہ کا الزام ثابت ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے طاہر کو ہٹا دیا گیا

مکان پر قبضہ کا الزام ثابت ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے طاہر کو ہٹا دیا گیا

Oct 22, 2013

لاہور (نامہ نگار) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے محمد طاہر کو ان کے عہدے سے ہٹا کر ڈی آئی جی فنانس اینڈ ویلفیئر تعینات کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہیں بیوہ خاتون کے مکان پر قبضہ کرانے اور قبضہ گروپوں کی معاونت کرنے پر تبدیل کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ستوکتلہ کے علاقہ اقبال ایونیو کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی کی رہائشی بیوہ خاتون زاہدہ علیم خواجہ کے رشتے داروں نے اخبارات میں انصاف کے حصول کے لئے اشتہارات شائع کرائے کہ ان کے مکان پر ڈی آئی جی آپریشنز رائے محمد طاہر اور ان کے بھائی رائے طارق کی ایما پر لاہور ہائیکورٹ میں زیرالتواءرٹ پٹیشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 4اکتوبر 2013ءکی رات پولیس نے دھاوا بول دیا اور گھر پر قبضہ کر لیا جبکہ خواتین اور دیگر افراد کو تھانے لے جاکر بند اور جھوٹے مقدمات میں پھنسانا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اس درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو انکوائری کے احکامات جاری کئے جس پر ایڈیشنل آئی جی محمد املیش نے انکوائری کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوائی۔ ذرائع کے مطابق انکوائری میں بیوہ کے مکان پر قبضہ کرانا ثابت ہو گیا۔ ادھر ڈی آئی جی رائے محمد طاہر کے مطابق انکوائری میں وہ قصور وار ثابت نہیں ہوئے۔ مکان پر قبضہ کرانے کا الزام بے بنیاد ہے۔ انہیں روٹین کے مطابق تبدیل کیا گیا ہے۔
رائے طاہر

مزیدخبریں