تاجر برادری حکومت کا ساتھ دے‘ جائز مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھاﺅں گا : شہباز شریف

تاجر برادری حکومت کا ساتھ دے‘ جائز مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھاﺅں گا : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تاجر برادری کسی بھی ملک کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ تاجر برادری نے ملک کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ انکے جائز مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ تاجروں کے جائز مسائل کے حل کیلئے خود آواز اٹھاﺅں گا۔ دوسری جانب قومی وسائل میں اضافے کیلئے تاجر برادری بھی حکومت کا بھرپور ساتھ دے۔ پراپرٹی سروے کا کام جاری ہے، تاجروں کی مشاورت سے ہی اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے وزیر قانون، وزیر صنعت، متعلقہ حکام اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی تمام جائز مطالبات کے حوالے سے قابل عمل تجاویز مرتب کریگی۔ حتمی تجاویز مرتب کرکے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے میٹنگ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب بھر سے تاجر تنظیموں کے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرویز ملک، میاں عبدالمنان، رانا ثناءاللہ، چوہدری محمد شفیق، چیئرمین ایف بی آر، متعلقہ سیکرٹریز، صدر انجمن تاجران سٹی فیصل آباد خواجہ شاہد رزاق سقہ، صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز، سیکرٹری جنرل عبدالرزاق ببرکے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں سے تاجر تنظیموں کے صدورنے اجلاس میں شرکت کی۔ شہباز شریف نے تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں تاجر برادری کو درپیش جائز مسائل کو اپنے مسائل سمجھتا ہوں اور انکے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھاﺅں گا۔ تاجروں سے بھی میری دردمندانہ اپیل ہے کہ وہ ملک کو زندہ رکھنے، قومی معیشت کو مضبوط بنانے اور عام آدمی کی فلاح کیلئے اپنا مو¿ثر کردار ادا کریں۔ ملک و قوم کو مسائل کے بھنور سے نکالنے کیلئے تاجروں، مزدوروں، طلبا، سیاستدانوں اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس چوری کرنے والے قوم کے مجرم ہیں۔ پنجاب حکومت بجلی اور گیس چوری کی روک تھام کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے۔ خصوصی مہم کے دوران اربوں روپے کی بجلی اور گیس چوری پکڑی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس چوری میں ملوث افراد کو ہتھکڑیاں لگی ہیں لیکن اس جرم میں متعلقہ اداروں کے افسران اور اہلکاران بھی ملوث ہیں انہیں بھی ہتھکڑیاں لگنی چاہئیں۔ قوم کے خزانے پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ حکومت نے بجلی کی قیمت میں 200 یونٹ تک کوئی اضافہ نہیں کیا گیا بلکہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے پر 155 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ وسائل میں اضافہ کئے بغیر ملک میں ترقی اور خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ بیمار معیشت کو سہارا دینے کیلئے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔ معیشت کی بحالی کیلئے آج کئے گئے مشکل فیصلے آنے والے وقتوں میں ملک کی ترقی و خوشحالی کا باعث بنیں گے۔ بھکاری پن کے خاتمے ، خودانحصاری کی منزل پانے اور عوام کی فلاح و بہبود کے پروگراموں کیلئے اضافی وسائل کا حصول ناگزیر ہے۔ تاجروں اور صنعتکاروں کو اضافی وسائل کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود ملک آج بھی 60 ارب ڈالر کے قرضے میں جکڑا ہوا ہے۔ اقوام عالم میں باوقار قوم بننے کیلئے وسائل میں اضافہ انتہائی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ویلتھ سٹیٹمنٹ اور انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کیلئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بات کرکے آئندہ چند روز میں فیصلہ کرلیا جائے گا۔ تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے تاجروں کے مسائل ہمدردی سے سننے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے تاجروں کے مسائل جس انہماک سے سنے ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ تاجر دوست وزیراعلیٰ ہیں اور انہیں تاجروں سے ہمدردی ہے۔ دریں اثنا شہباز شریف نے صوبے کے مختلف مقامات پر پتنگ بازی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی ہے کہ پتنگ بازی پر پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے-پتنگ بازی کی آڑمیں قیمتی جانوں کے ضیاع کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی-وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس پتنگ بازوں کے خلاف کارروائی کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں -صوبے میں کہیں بھی پتنگ کی ڈور سے کوئی جانی نقصان ہوا تو متعلقہ انتظامیہ اور پولیس جوابدہ ہو گی - عوام کی جانوں کے تحفظ میں تساہل برتنے والے افسران اور اہلکاروں کو معاف نہیں کیا جائے گا-
شہباز شریف

ای پیپر دی نیشن