لاہور)کامرس رپورٹر)پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے سابق سینئر نائب صدر عبدالباسط نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ 10 نومبر(3 محرم) سے قبل سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو قانونی سٹیٹس دلوانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔ ایک بیان میں عبدالباسط نے وزارت برائے اوورسیز پاکستانیز اور سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے کی توجہ سعودی حکومت کی جانب سے جاری کردہ وارننگ کی جانب مبذول کرائی جس کے مطابق غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو 10 محرم تک ملک چھوڑنے بصورت دیگر قانونی کارروائی اور بھاری جرمانے عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی مدد کے لیے فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو انہیں سنگین صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے وارننگ کا اجراءہوتے ہی پاکستانی سفارتخانے اور وزارت برائے اوورسیز پاکستانیز کو خود ہی حرکت میں آجانا چاہیے تھا لیکن بدقسمتی سے وہ خاموش تماشائی کا کردارادا کررہے ہیں۔