لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز اعلیٰ سطح کے اجلاس میں صوبے کے بے روزگار نوجوانوں کیلئے’’اپنا روزگار سکیم‘‘ کی منظوری دے دی۔ ’’اپنا روزگار سکیم‘‘ کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو آسان شرائط پر گاڑیاں دی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کی طرح اس مرتبہ بھی ’’اپنا روزگار سکیم‘‘ میں جنوبی پنجاب کا کوٹہ 10 فیصد زائد رکھا گیا ہے۔ ’’اپنا روزگار سکیم‘‘ سے بے روزگار نوجوانوں کو باعزت روزگار میسر آئے گا۔ سکیم میں میرٹ اور شفافیت کو حسب روایت ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ اپنا روزگار سکیم کا آغاز رواں ماہ کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں باعزت روزگار فراہم کر کے بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بیروزگار نوجوانوں کو آسان شرائط پر دی جانے والی گاڑیوں کا معائنہ بھی کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گزشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے اور احتجاجی سیاست کے ذریعے قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والے اپنے منفی طرز عمل پر غورکریں۔ ملک کٹھن دور سے گزر رہا ہے، توانائی بحران اور انتہا پسندی کے عفریت کا سامنا ہے۔ ان حالات میں قوم کو تقسیم کرنے کی سیاست کسی طور پر ملک وقوم کے مفاد میں نہیں، تخریبی سیاست نے ملک وقوم کے مسائل میں اضافہ کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کاہر قدم عوام کی فلاح اور ملک کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے اٹھ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے فیصل آباد کے رہائشی کینسر کے مریض عادل کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی رپورٹ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کینسر کے نوجوان مریض کا سرکاری خرچ پر مفت علاج کرانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوان کے علاج معالجے کے تمام اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔