گلگت بلتستان میں 40 ہزار میگاواٹ پن بجلی پیدا کی جاسکتی ہے: صدر ممنون

گلگت (نیوز ایجنسیاں) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی قانونی شناخت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو بہت جلد دور کر دیا جائے گا، تمام فیصلے عوام کی خواہشات کے مطابق کئے جائیں گے، گلگت بلتستان میں پانی سے 40 ہزار میگا واٹ بجلی پید اکی جاسکتی ہے، گلگت بلتستان میں ریجنل گرڈ بنایا جائیگا، بیرونی سرمایہ کاروں کو گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کریں گے۔وہ منگل کو اپنے دورہ گلگت کے پہلے روز عمائدین گلگت بلتستان، گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں اور صحافیوں سے ملاقاتوں میں بات چیت کررہے تھے۔ وفود سے بات چیت میں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پانی کی صورت میں ایک بہت بڑا خزانہ موجود ہے۔ صدر مملکت نے یقین دہانی کرائی کہ ریجنل گرڈ کی تعمیر کے لئے جو مدد اور تکنیکی معاونت درکار ہوگی وہ فراہم کی جائے گی۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں میڈیکل کالج کے قیام کے لئے وہ ذاتی طور پر کردار ادا کریں گے۔ مزید برآں آئی این پی کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے‘ اس خطے میں صحت و تعلیم سمیت دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے عملی بنیادوں پر کام کیا جائے گا، گلگت بلتستان حکومت کیساتھ وفاق کے رابطوں کو بڑھایا جائے گا، قراقرم یونیورسٹی میں بدانتظامی کی شکایات پر وائس چانسلر سے پوچھا جائے گا، گلگت بلتستان میں عوام کو فوری طور پر انصاف کی فراہمی کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں گے، پی آئی اے کے پاس اب مزید طیارے آگئے ہیں، گلگت کیلئے پروازوں کا مسئلہ جلد حل کرلیا جائے گا، وزیراعظم سے اس بارے میں خصوصی بات کروں گا۔ دریں اثناء اے پی اے کے مطابق صدر پاکستان ممنون حسین کا کہنا ہے کہ آئندہ چار سالوں میں چین کے تعاون سے 22 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کریں گے،مہنگائی اور ڈالر کی قیمت میں غیر متوقع اضافہ ہوا۔گلگت بلتستان کے دورہ کے موقع پر گورنر ہائوس گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممنون حسین کا کہنا تھا کہ حکومت کرپشن کا خاتمہ اکیلے نہیں کر سکتی،عوام کو بھی اپنی صفوں میں موجود بد عنوان لوگوں کا صفایا کرنا ہو گا۔جبکہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ دھرنوں سے ملکی معیشت کو نقصان ہوا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...