لندن (سپورٹس ڈیسک )ریوسٹین کیمپ کے والدین نے پسٹوریئس کو دی جانے والی سزا پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔جنوبی افریقہ کے ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس کو گذشتہ برس اپنی گرل فرینڈ ریو سٹین کیمپ کوغلطی سے قتل کرنے کے جرم میں پانچ برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔جج تھوآوسیل ماسیپا نے آسکر پسٹوریئس کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں تین سال کی معطل سزا کا اعلان کیا ہے۔ریوسٹین کیمپ کے والدین نے میڈیا کوبتایا کہ وہ پسٹوریئس کو دی جانے والی سزا پر خوش ہیں۔پسٹوریئس کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے موکل کو دس ماہ جیل میں اور باقی سزا کمیونٹی سروس اور گھر میں نظر بندی کی صورت میں کاٹنی ہو گی۔پسٹوریئس پر الزام تھا کہ انھوں نے 29 سالہ ریوسٹین کیمپ کو گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔عدالت نے پسٹوریئس کو ریستوران میں ہتھیار کے غلطی سے استعمال کا مجرم بھی قرار دیا ہے۔