ایشین گیمز کی سلور میڈلسٹ قومی ہاکی ٹیم کیلئے 2,2 لاکھ روپے کا انعام

Oct 22, 2014

لاہور(سپورٹس رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے، اس کے فروغ اور ہاکی کے کھیل میں کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے ہرممکن تعاون اور وسائل فراہم کریں گے۔ ایک وقت تھا کہ ہاکی کے کھیل میں دنیا بھر میں پاکستان کا ڈنکا بجتا تھا ۔ قوموں کی زندگیوں میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں۔ سخت محنت ، جدوجہد، عزم، نئی سوچ اور حوصلے کے ساتھ مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے اور ہاکی کے کھیل میں سبز ہلالی پرچم کو ایک بار پھر دنیا بھر میں بلند کیا جا سکتا ہے۔ کھیل کے میدان میں سیاست ہوتی ہے نہ کوئی اور ترجیح، صرف کھیل ہی پہلی اور اولین فوقیت ہوتا ہے۔ پاکستان عظیم ملک ہے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنی ذات سے بالاتر ہو کر سب کو ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ صرف ’’میں‘‘ کی روش نے ملک کا بے پناہ نقصان کیا ہے۔ پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے ’’ہم‘‘ کا راستہ اپنانا ہوگا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ایشین گیمز میں سلور میڈل حاصل کرنے والی قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں 2، 2 لاکھ روپے کے کیش ایوارڈ تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن، کوچ اور مینجر کو ایشین گیمز کا فائنل کھیلنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قومی ہاکی ٹیم نے نامساعد حالات کے باوجود محنت کے ذریعے اچھا کھیل پیش کرکے فائنل تک رسائی حاصل کی۔  پاکستان ہاکی کے میدان میں درخشاں تاریخ رکھتا ہے، ہماری قومی ہاکی ٹیم نے کئی ورلڈ کپ اور اولمپکس جیتے، میڈلز حاصل کئے اور دنیا بھر میں پاکستان کو ہاکی کے حوالے سے متعارف کرایا۔وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے، پنجاب حکومت نے پہلے بھی ہاکی کے فروغ کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز دیئے اور آئندہ بھی دیں گے۔ پنجاب حکومت ہاکی کے فروغ کیلئے جو کچھ ہو سکا کرے گی اور اس مقصد کیلئے وفاقی حکومت سے بھی بات کی جائے گی ۔ کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے بھی ہرممکن معاونت کی جائے گی اور کھلاڑیوں کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ ہمت کریں اور آگے بڑھیں۔ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی پاکستان کے سفیر ہیں اور انہوں نے کھیل کے میدان کے اندر اور باہر بہترین ٹیم ورک سے یہ بات ثابت کی ہے۔ بھارت کے خلاف فائنل میں اچھا کھیل کر بھی آپ ہارے لیکن اصل جیت کھیل کی ہوئی ہے اور یہی ٹیم سپرٹ ہے۔ پاکستان میں ہاکی کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے ،اسے نکھار کر سامنے لانے کی ضرورت ہے۔ کسی بھی کھیل میں ہار جیت نہیں بلکہ سپرٹ اہم ہوتی ہے۔ مجھے امید ہے کہ قومی ہاکی ٹیم سبز ہلالی پرچم دوبارہ بلند کرے گی۔ دنیا میں کوئی چیز ناممکن نہیں عزم اور حوصلے سے کھویا ہوا مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ دنیا میں ایسی کئی مثالیں موجود ہیں کہ قوموں نے شکست کے بعد صرف محنت اور حوصلے کی کنجی اپنا کر اپنا مقام بنایا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن بین الاقوامی ٹیموں کو پاکستان میں مدعو کرے میں سکیورٹی کی مکمل یقین دہانی کراتا ہوں اور اس ضمن میں وفاقی حکومت بھی آپ کی پوری معاونت کرے گی۔  پاکستان میں ہاکی کے بے پناہ ٹیلنٹ کو نکھارنے کیلئے ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔اس ضمن میں پنجاب حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کھلاڑیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے کمیٹی کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔پنجاب میں کھیلو ںکے فروغ کیلئے ٹریننگ اکیڈمیاں بھی قائم کی جا رہی ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر چوہدری اختر رسول نے کہا کہ شہباز شریف اسی طرح ہمیں سپورٹ فراہم کرتے رہے تو ہم وعدہ کرتے ہیں کہ ان کی مدد سے پوری دنیا میں ہاکی کے میدان میں سبز ہلالی پرچم دوباہ لہرائیں گے۔

مزیدخبریں