غیرملکی آقائوں کے ایما پر پلنے والے دہشت گرد امن خراب کرنا چاہتے ہیں: سرفراز بگٹی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد غیرملکی آقاؤں کے ایما پر کارروائی کر رہے ہیں۔کوئٹہ میں محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی آقاؤں کے ایما پر پلنے والے دہشت گرد صوبے کے امن کو خراب کرنا چاہتے ہیں تاہم جب تک بلوچستان میں ایک بھی دہشت گرد زندہ ہے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ محرم الحرام کے حوالے سے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جلوس کے راستوں پر پولیس اور ایف سی کے جوان تعینات ہونگے جبکہ سراغ رساں کتوں اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ شہر میں گشت کے دوران سکیورٹی کے انتظامات بہتر تھے تاہم سریاب کے علاقے میں کوئی بھی پولیس گشت یا اہلکار نہیں دیکھا جس کی فوری طورپر نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔ محرم الحرام کے دوران تخریب کاری کا خدشہ موجود ہے صوبائی حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کررکھے ہیں، مسجد روڈ پر بم کی اطلاع دینے والے شہری کیلئے حکومت نے انعام کا اعلان کردیا ہے۔ ساتویں محرم الحرام کے جلوس کی حفاظت کیلئے 3500 پولیس اہلکار جبکہ 27 پلاٹون ایف سی تعینات کی گئی ہے اسی طرح شہر کے اطراف میں پہاڑوں پر اور اطراف میں 2500 لیویز کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹنے کیلئے پاک فوج کو اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں حالیہ دہشت گردوں کی کارروائیاں وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ کا ردعمل ہوسکتی ہیں کیونکہ وزیراعظم بلوچستان اور پاکستان میں بھارتی خفیہ ادارے’’را‘‘ کے ملوث ہونے کے حوالے سے امریکی حکام سے بات کریں گے۔ بلوچستان کے عوام دہشت گردوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ہمیں ملکر بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔

ای پیپر دی نیشن