پاکستان ،چین اقتصادی راہداری کے تحت پہلے پن بجلی منصوبے کا آغاز

Oct 22, 2015

اسلام آباد (این این آئی)پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت پہلے پن بجلی منصوبے کا آغاز کر دیا گیا۔ 720 میگاواٹ کروٹ پن بجلی منصوبے کے ٹیرف کے لیے نیپرا نے سماعت مکمل کر لی۔ فیصلے کے بعد منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق کروٹ پن بجلی منصوبہ راولپنڈی سے 55 کلو میٹر دور آزاد کشمیر کی جانب دریائے جہلم پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ نیپرا میں سماعت کے دوران چینی کمپنی حکام نے اتھارٹی کو بتایا کہ کروٹ پن بجلی منصوبہ 5 برس میں مکمل ہو گا جس سے پاور سسٹم کو خالصتاً 712 میگاواٹ سستی بجلی فراہم ہو گی۔منصوبے پر 198 ارب 40 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ آزاد کشمیر حکام نے اعتراض اٹھایا کہ چونکہ کروٹ پن بجلی منصوبہ دریائے جہلم پر تعمیر کیا جا رہا ہے اس لیے پانی کے استعمال کے چارجز 15 پیسے فی یونٹ سے بڑھا کر 45 پیسے فی یونٹ کئے جائیں۔ٹھیکیدار کمپنی نے نیپرا سے کروٹ پن بجلی منصوبے کے لیے بجلی کے 10 روپے 24 پیسے فی یونٹ پیداواری ٹیرف مقرر کرنے کی درخواست کی۔ نیپرا نے سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

مزیدخبریں