ممبئی (آن لائن) شیوسینا کی انتہا پسندی عروج پر پہنچ گئی ہے‘ انتہا پسندوں نے اپنے ہی وزیراعظم کو نہ بخشا اور ’’ڈھونگی‘‘ قرار دے دیا اور دعویٰ کیا ہے کہ وہ سربراہ شیوسینا بال ٹھاکرے کے سامنے سرجھکاتے تھے جس کی وجہ سے آج وزیراعظم کے منصب پر فائز ہوئے۔ شیوسینا کے خلاف کارروائی کی تو وزیراعظم کے منصب سے مودی ہاتھ دھو بیٹھیں گے‘ گائے ذبح کرنے کے معاملے پر اپنی ہی مذہبی کتابوں سے خودساختہ دلائل تراشنے لگے۔ شیوسینا کا کہنا ہے کہ مودی وزیراعظم بننے سے پہلے شیوسینا کے سربراہ بال ٹھاکرے سے آشیرباد لیتے تھے اور ان کے سامنے سرجھکا کر اپنی فریادیں کرتے تھے مگر وزیراعظم بننے کے بعد انہوں نے ہم سے نظریں چرا لیں اور کسی اور کی غلامی کرنے لگے۔ شیوسینا نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کی مذہبی کتاب میں لکھا ہے کہ گائے ذبح کرنے والے کو قتل کر دیا جائے۔ شیو سینا نے مودی اور بی جے پی کے کئی لیڈروں کے خلاف پوسٹر لگا دیئے جس میں بھارتی وزیراعظم مودی اور دیگربی جے پی رہنماوں کو شیو سینا کے سابق سربراہ بال ٹھاکرے کے آگے جھکا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ شیو سینا نے مودی سرکار کو آئینہ دکھا کر انہیں ماضی یاد دلایا کہ شیو سینا کی حرکتوں پر انگلی اٹھانے یا ان کے خلاف کارروائی کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں ضرور جھانک لیں۔