اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ افغانستان میں پاکستان کا کوئی پسندیدہ گروپ یا جماعت نہیں۔ افغان منتخب حکومت کی ترجیحات ہی ہماری بھی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ایک افغان وفد سے گفتگو کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا جس نے جمعہ کے روز دفتر خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ سرتاج عزیز نے افغان حکومت اور حزب اسلامی کے درمیان حالیہ امن معاہدہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی کامیابی سے دیگر جنگجو گروپوں کو بھی حکومت کے ساتھ امن معاہدوں کا موقع ملے گا۔ پاکستان کا تمام جنگجو گروپوں کیلئے کھلا پیغام ہے کہ کوئی بھی گروپ افغانستان پر قبضہ نہیں کر سکتا چنانچہ امن مذاکرات ہی افغانستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کی واحد راہ ہیں۔ پاکستان اپنی طرف سے تمام کوششیں کرے گا کہ طالبان گروپ بھی امن عمل کا حصہ بن جائیں اور اب ایسے شواہد بھی میسر ہیں جن سے ان گروپوں کا امن مذاکرات کی جانب رحجان بڑھ رہا ہے۔
سرتاج عزیز
کوئی پسندیدہ گروپ نہیں، کوشش ہے طالبان امن عمل کا حصہ بن جائیں: سرتاج عزیز
Oct 22, 2016