کراچی (وقائع نگار)عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کی سماعت کے دوران ایم کیو ایم تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی اور عبدالرحمن بھولا کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دیا ۔جمعہ کو سانحہ بلدیہ فیکٹری میں آگ لگنے سے 250سے زائد افراد کی ہلاکت کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی ۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ فیکٹری میں آگ حماد صدیقی کی ایما پر لگائی گئی ۔ عدالت نے مرکزی ملزم ایم کیو ایم کے حماد صدیقی اور عبدالرحمان بھولا کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ داخلہ ، ایف آئی اے اور امیگریشن حکام کو ہدایت جاری کیں کہ اگر ملزمان بیرون ملک ہیں تو انہیںوطن واپسی پر گرفتار کرکے پیش کیا جائے ۔ واضح رہے کہ عدالت حماد صدیقی اور دیگر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرچکی ہے ۔ دوسری طرف گورنر سندھ عشرت العباد اور مصطفی کمال کے ایک دوسرے پر الزامات کے بعد بلدیہ فیکٹری متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی میں بے قاعدگی کی تحقیقات تیز کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلدیہ فیکٹری متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگیوں کا بینک ریکارڈ منگوایا جائے گا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے چائنا کٹنگ سے متعلق تحقیقات میں بھی تیزی لائی جائے گی۔12مئی 2007ء کے واقعہ کی بھی خصوصی ٹیم سے تحقیقات کرانے کا امکان ہے۔