گوجرانوالہ، حافظ آباد (نمائندہ خصوصی، نمائندہ نوائے وقت) ناقص کارکردگی اور کم انٹرولمنٹ پر ہیڈماسٹرز کے تبادلوں کیخلاف سینکڑوں خواتین اور مرد اساتذہ نے احتجاجی مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالیں۔ گوجرانوالہ کے اساتذہ نے گورنمنٹ اقبال ہائی سکول تا گوندلانوالہ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت اور تعلیمی پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر محمد زکریا‘ رانا مقیم اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ تبادلوں کے احکامات واپس لئے جائیں اور ناقص کارکردگی کا ملبہ ہیڈ ماسٹرز اور اساتذہ پر نہ ڈالا جائے۔ اگر تبادلے منسوخ نہ کئے گئے تو اساتذہ طلبہ کو سڑکوں پر لانے پر مجبور ہونگے۔ حافظ آباد میں بھی ضلع بھر کے اساتذہ نے دوسرے روز بھی اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں تعلیمی و تدریسی بائیکاٹ کیا جس سے ہزاروں طلبہ و طالبات کو شدید دشواری اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اساتذہ رہنماؤں نے کہا کہ جب تک ہیڈماسٹرز کے تبادلے واپس نہیں لئے جاتے ان کا احتجاج جاری رہے گا۔