ابوظہبی ٹیسٹ : اوپنرز ناکام‘ یونس خان کی شاندار سنچری‘ پاکستان کے چار وکٹوں پر 304 رنز

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان نے پہلے دن کے اختتام پر چار وکٹوں پر 304 رنز بنا لیے ہیں۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آخری اوور میں یونس خان باؤنڈی لگانے کی کوشش میں 127 رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔پہلے دن کے اختتام پر کپتان مصباح الحق 90 پر کھیل رہے تھے۔ خراب روشنی کے باعث پہلے دن کا کھیل ختم کردیا گیا۔یاسر شاہ نائٹ واچ مین کے طور پر آنے کو تیار تھے لیکن ان کو روک دیا گیا۔یونس خان کو چائے کے وقفے سے قبل کے آخری اوور میں ایک چانس ملا جب بریتھ ویٹ نے اپنی ہی گیند پر یونس خان کا کیچ ڈراپ کر دیا۔ اسد شفیق اور یونس خان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 87 رنز سکور کیے۔اسد شفیق نے 68 رنز سکور کیے۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز اظہر علی تھے جو بنا کوئی رن بنائے بولڈ ہوگئے۔سمیع اسلم چھ رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ گیبریل نے 2، بشو اور براتھ ویٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔دبئی ٹیسٹ جیتنے والی ٹیم میں شامل وہاب ریاض، محمد عامر اور بابر اعظم یہ میچ نہیں کھیل رہے اور ان کی جگہ یونس خان، ذوالفقار بابر اور راحت علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

ای پیپر دی نیشن